نئی دہلی، 8نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الزام لگایا کہ کانگریس کی غلطیوں کا خمیازہ آج تک جموں وکشمیر کے لوگ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی آج اسی طرح یہاں پیسے پھینک رہی ہے جیسے ماضی میں کانگریس پھینکتی تھی۔
فاروق عبداللہ نے بدھ کو شمالی کشمیر کے قصبہ اوڑی میں پارٹی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی آج اسی طرح یہاں پیسے پھینک رہی ہے جیسے ماضی میں کانگریس پھینکتی تھی، یہ لوگ چندافراد کا ایمان پیسوں سے خرید سکتے ہیں ، لیکن سب کا ایمان بکاؤ نہیں ہوتا۔ آج کل نت نئی جماعتیں بی جے پی کے پیسوں کی بنا پر اچھل کود کررہی ہیں، لیکن یہ سب زیادہ دیر چلنے والا نہیں۔ ہم نے ماضی میں بھی اس قسم حالات و واقعات دیکھے ہیں۔
اس موقعے پر پارٹی کے سینئر لیڈر و ایم ایل اے محمد شفیع اوڑی، ضلع صدر بارہمولہ جاوید احمد ڈار، ضلع سکریٹری غلام حسن راہی، پارٹی لیڈر ڈاکٹر سجاد اوڑی،ضلع صدر خواتین ونگ نیلوفر مسعود ، ایڈوکیٹ شاہد علی، یوتھ ضلع صدر بارہمولہ میر منیر بھی موجود تھی۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ماضی میں بڑے بڑے طوفانوں کا سامنا کیا ہے اور ہمیشہ سرخرو ہوکر سامنے آئی ہے ، مستقبل میں بھی مشکلات آئیں گے اور اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے ہم ان کا بھی ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔